(لاہور نیوز) شہر میں ایل پی جی کی سرکاری نرخوں کے برعکس من مانی قیمتوں پر فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث صارفین کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر ایل پی جی کی قیمت 308 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم مختلف علاقوں میں یہ 440 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق گھریلو گیس کی عدم دستیابی کے باعث وہ مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔
صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی فروخت مقررہ نرخوں پر یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ناجائز منافع خوری کا سدباب کیا جائے۔
دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ حکومتی ادارے چھوٹے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہیں جبکہ بڑے ڈیلرز اور سپلائرز کو نظر انداز کیا جاتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اگر انہیں سستے داموں ایل پی جی فراہم کی جائے تو وہ بھی مقررہ نرخوں پر فروخت کر سکتے ہیں۔
ایل پی جی ڈیلرز کے مطابق طلب کے مقابلے میں سپلائی کم ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں استحکام پیدا نہیں ہو پا رہا، ان کا کہنا ہے کہ جب تک مارکیٹ میں ایل پی جی کی وافر فراہمی یقینی نہیں بنائی جاتی، قیمتوں کو سرکاری سطح پر برقرار رکھنا مشکل رہے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور گیس کی قلت نے گھریلو صارفین کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے حل کے لیے مؤثر نگرانی اور سپلائی چین میں بہتری ضروری ہے۔
