(لاہور نیوز) تیز طوفان اور آندھی کے باعث میو ہسپتال کے بچہ وارڈ کی عمارت سے دیوار پر لگی ٹائلز کا ایک بڑا حصہ گر گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق علی الصبح بچہ وارڈ کی پانچویں منزل پر دیوار کی بیرونی ٹائلز کا ایک حصہ اچانک نیچے آ گرا، جس سے وارڈ میں موجود مریضوں کے لواحقین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹائلز عمارت کے پارکنگ والی جانب گریں، جس کے باعث کسی شخص کے زخمی ہونے یا جانی نقصان کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، اگر ٹائلز عمارت کے فرنٹ سائیڈ پر گرتیں تو نقصان کا خدشہ زیادہ تھا۔
میو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ عمارت کی مرکزی دیوار مکمل طور پر محفوظ ہے اور صرف بیرونی سطح پر نصب ٹائلز متاثر ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹائلز گرنے کے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے، ہسپتال انتظامیہ نے متاثرہ حصے کا معائنہ شروع کر دیا ہے اور ضروری مرمتی کام جلد مکمل کیا جائے گا۔
