عالمی یومِ ثقافتی تنوع: وزیراعلیٰ مریم نواز کا ثقافتی ورثے کے تحفظ کے عزم کا اعادہ
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد مکالمے، ہم آہنگی اور ترقی سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنا ہے، تہذیب و ثقافت اور مشترکہ ورثے کی اہمیت کا شعور رکھنے والی اقوام قابلِ تحسین ہیں۔
مریم نواز شریف نے عالمی یومِ ثقافتی تنوع برائے مکالمہ و ترقی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان متنوع ثقافتوں، زبانوں، روایات اور اقدار کا حسین امتزاج ہے اور ثقافتی تنوع ہماری قومی شناخت اور تہذیبی ورثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی تنوع اتحاد و یگانگت، مثبت اقدار، برداشت اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کا متنوع ثقافتی ورثہ دنیا بھر میں صوبے کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و ثقافت صوبہ بھر میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ ثقافت کا تحفظ، ہنرمندوں اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کی سرپرستی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ پنجاب کے ہنرمندوں کو ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا حکومت کا عزم ہے۔
