(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد میکائل جباروف سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں پنجاب اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، شہری ترقی، زراعت، رسد و ترسیل، سیاحت، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کی سہولت کاری کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا باضابطہ فیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو ورکنگ گروپ کی سربراہی سونپی گئی ہے، جبکہ اس میں دونوں ممالک کے متعلقہ سرکاری محکموں اور تکنیکی ماہرین شامل ہوں گے۔
ورکنگ گروپ ترجیحی شعبوں کی نشاندہی، مشترکہ منصوبوں، سرکاری و نجی شراکت داری کے مواقع اور سرمایہ کاروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔ اس کے علاوہ بنیادی ڈھانچے، ہاؤسنگ، زراعت، سیاحت اور توانائی میں شعبہ جاتی تعاون کے فریم ورک بھی تجویز کیے جائیں گے۔
ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد منڈیوں تک رسائی بہتر بنانا، تجارتی رکاوٹوں میں کمی اور دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ دونوں جانب سے نئے قائم کردہ ورکنگ گروپ کے ذریعے قریبی ادارہ جاتی روابط برقرار رکھنے اور بات چیت کو قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے فالو اپ سرگرمیوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
