(لاہور نیوز) سانحہ 9 مئی کے دوران جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ کیسز کے جیل ٹرائل کی کارروائی کوٹ لکھپت جیل میں ہوئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے ٹرائل کی کارروائی 10 جون تک ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو شہادت ریکارڈ کرانے کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
دوران سماعت عدالتی عملے نے برضمانت اور زیر حراست ملزمان کی حاضری مکمل کی جبکہ زیر حراست ملزمان میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل تھے۔
مقدمات میں صنم جاوید، عالیہ حمزہ، طیبہ راجہ، خدیجہ شاہ اور روبینہ جمیل بھی نامزد ملزمان میں شامل ہیں ملزمان کی جانب سے رانا مدثر عمر اور میاں علی عمار ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
استغاثہ کے مطابق جناح ہاؤس حملہ کیس میں 200 سے زائد ملزمان نامزد ہیں جبکہ ملزمان پر کارکنان کو 9 مئی کے فسادات اور ہنگامہ آرائی پر اکسانے کا الزام ہے۔
