(لاہور نیوز) لاہور میں گٹکے کی بڑی ترسیل ناکام بنا دی گئی، جہاں ہربنس پورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی گٹکا ڈیلر کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ہربنس پورہ پولیس ٹیم نے دوران چیکنگ خفیہ اطلاع ملنے پر گٹکا تیار کرنے والے ایک گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے ملزم خرم شہزاد کو بھاری مقدار میں تیار شدہ گٹکے سمیت گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے 6 بڑے ڈرم گٹکا اور گٹکا تیار کرنے میں استعمال ہونے والا خام مال بھی برآمد کر لیا گیا۔
ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ ملزم خرم شہزاد لاہور سمیت دیگر اضلاع میں پابندی کے باوجود گٹکا تیار کرکے فروخت اور سپلائی کرتا تھا، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم گٹکے کی ترسیل کیلئے لوکل ٹرانسپورٹ اور رکشوں کا استعمال کرتا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچ سکے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔
