(لاہور نیوز) پنجاب کے 6 سرکاری کالجز کے پرانے نام بحال کر دیے گئے ہیں، جس کے لیے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
پبلک سیکٹر یونیورسٹیز ترمیمی ایکٹ 2026 کے تحت 6 سرکاری تعلیمی اداروں کے نام تبدیل کیے گئے ہیں۔ ناموں کی تبدیلی کے بعد اداروں کے ناموں کے ساتھ یونیورسٹی کا لفظ ختم کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گورنمنٹ کالج لاہور، گورنمنٹ کالج فیصل آباد، گورنمنٹ کالج فار ویمن فیصل آباد، گورنمنٹ کالج فار ویمن سیالکوٹ، گورنمنٹ صادق کالج بہاولپور اور لاہور کالج فار ویمن کے پرانے نام بحال کر دیے گئے ہیں۔
ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اس حوالے سے تمام وائس چانسلرز اور ریکٹرز کو بھی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق ناموں میں تبدیلی کے باوجود متعلقہ اداروں کے اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کے اختیارات برقرار رہیں گے۔
