(لاہور نیوز) سی سی ڈی انسدادِ اغواء برائے تاوان سیل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایدھی سینٹر میں یتیمی کی زندگی گزارنے والے 4 معصوم بچوں کو ان کے والدین سے ملا دیا۔
ترجمان کے مطابق لاوارث بچوں کا تعلق لاہور، فیصل آباد اور قصور کے اضلاع سے تھا، بچوں کے اہلخانہ کی تلاش کیلئے سی سی ڈی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں فزیکلی جا کر تحقیقات کیں جبکہ مختلف تھانوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا، اس کے علاوہ مساجد میں اعلانات بھی کروائے گئے تاکہ بچوں کے والدین تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔
سی سی ڈی کی مسلسل کوششیں بالآخر کامیاب ثابت ہوئیں اور طویل عرصے سے یتیمی کی زندگی گزارنے والے چاروں بچے اپنے والدین کی آغوش میں پہنچ گئے، حکام کے مطابق ایک بچہ ذہنی معذوری کا شکار تھا اور وہ اپنا نام تک بتانے سے قاصر تھا، اس بچے کے والدین نے اس کے اغواء کا مقدمہ تھانہ نصیر آباد میں درج کروا رکھا تھا۔
بچوں سے ملنے کے بعد والدین جذباتی ہو گئے اور انہوں نے سی سی ڈی ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت بچوں سے زیادتی، استحصال اور چائلڈ لیبر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور یہ معاملات حکومت کی ریڈ لائن ہیں۔
