(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس نے کینال روڈ پر لوڈر رکشوں اور چنگچی رکشوں کے داخلے پر پابندی کے بعد بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے درجنوں گاڑیوں کو چالان اور ضبط کر لیا۔
ٹریفک حکام کے مطابق مجموعی طور پر 470 رکشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جن میں 366 چنگچی رکشے اور 104 لوڈر رکشے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کینال روڈ پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی 186 گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق کینال روڈ پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ چنگچی اور لوڈر رکشوں کے داخلے کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ لوڈر رکشوں میں خطرناک انداز سے سریا، لوہے کے پائپ اور دیگر بھاری سامان کی لوڈنگ کی جاتی ہے جو دوسرے شہریوں کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے رکشے حادثے کی صورت میں جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں، اس لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق آٹو رکشوں پر ڈرائیور کے ساتھ سواریاں بٹھانے کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
