(لاہور نیوز) غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 222 املاک کو سربمہر کر دیا گیا۔
ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق ٹیموں نے جوبلی ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، گلشن راوی، جی ٹی روڈ، نیو مسلم ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن میں کارروائیاں کیں، غیر قانونی کمرشل استعمال پر جوبلی ٹاؤن میں 20 جبکہ واپڈا ٹاؤن میں 70 املاک سیل کی گئیں، اسی طرح گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن میں غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 42 املاک سربمہر کی گئیں۔
گلشن راوی، جی ٹی روڈ اور نیو مسلم ٹاؤن میں بھی 40 املاک کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں مزید 50 املاک سیل کر دی گئیں۔
سربمہر کی جانے والی املاک میں نجی سکول، کالجز، اکیڈمیز، بیوٹی سیلونز، کلینکس، گراسری سٹورز، بیکریز، فارمیسیز، آٹو ورکشاپس، الیکٹرک سٹورز، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاﺅن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا، ڈی جی ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
