پاکستانی تن ساز رمیز ابراہیم نے تاریخ رقم کردی، مسٹرامریکا انٹرنیشنل باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا
(لاہور نیوز) پاکستانی تن ساز رمیز ابراہیم نے امریکا میں منعقدہ مسٹر امریکا انٹرنیشنل باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کردیا۔
رمیز ابراہیم نے چیمپئن شپ کی مینز فزیک کیٹیگری میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ پرو کیٹیگری میں سلور میڈل اپنے نام کیا۔ فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق وہ اس مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔
چیمپئن شپ میں 25 ممالک سے تعلق رکھنے والے باڈی بلڈرز نے شرکت کی، جہاں مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
یہ چیمپئن شپ 1939 سے ہر سال منعقد ہونے کے باعث ایک طویل تاریخ رکھتی ہے۔ رمیز ابراہیم کی اس کامیابی کو پاکستانی باڈی بلڈنگ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
رمیز ابراہیم نے امریکا میں اپنی اس تاریخی کامیابی کو پاک فوج کے نام کردیا۔
ان کی اس کامیابی سے پاکستان میں باڈی بلڈنگ کے کھیل کو فروغ دینے اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں مدد ملنے کی امید ہے۔
