(لاہور نیوز) پنجاب ٹریفک پولیس نے صوبہ بھر میں لین لائن سسٹم پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان ٹریفک پنجاب کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے تمام پٹرولنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ لین لائن کی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کیلئے پٹرولنگ نظام کو مزید فعال بنایا جائے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا ہے کہ لین لائن کی پابندی شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک حادثات میں کمی کیلئے انتہائی ضروری ہے، اس لئے غلط لین میں گاڑی چلانے اور بار بار لین تبدیل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ لین تبدیل کرتے وقت یا اوورٹیکنگ کیلئے ہمیشہ انڈیکیٹر کا استعمال کریں جبکہ بغیر انڈیکیٹر اوورٹیکنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے موٹرسائیکل سواروں کو انتہائی بائیں لین میں سفر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فرسٹ لین میں مسلسل ڈرائیونگ اور غیر ضروری اوورٹیکنگ پر بھی ایکشن لیا جائے گا، لین لائن کے مطابق ڈرائیونگ ہی محفوظ سفر اور منظم ٹریفک کی ضمانت ہے، شہری سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔
