ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن، ہزاروں موٹرسائیکلیں تھانوں میں بند
(لاہور نیوز) شہر کی ماڈل روڈز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 42 ہزار سے زائد وہیکلز کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ انتہائی خطرناک ڈرائیونگ پر 18 ہزار 141 موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند کی گئیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق لین لائن کی خلاف ورزی پر 12 ہزار 289 گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈالنے پر 164 موٹرسائیکل سواروں اور 395 کم عمر ڈرائیورز کے چالان کئے گئے۔
اسی طرح ون وے کی خلاف ورزی پر 2 ہزار 289 جبکہ سگنل توڑنے پر 616 وہیکلز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والے 10 ہزار 114 افراد کو بھی چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ روز بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے 3 ہزار 819 افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ حادثات اور ٹریفک مسائل سے بچا جا سکے، انہوں نے کہا کہ ماڈل روڈز پر ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
