(لاہور نیوز) شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی ایم سی ایل ٹاؤن پلاننگ ونگ کی ٹیموں نے راوی زون، شالیمار زون اور عزیز بھٹی ٹاؤن میں گرینڈ آپریشن کیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 12 غیر قانونی عمارتیں مسمار جبکہ 10 عمارتوں کو سربمہر کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق راوی زون میں 5 عمارتیں مسمار اور ایک عمارت سیل کی گئی جبکہ شالیمار زون میں 4 غیر قانونی تعمیرات مکمل طور پر گرا دی گئیں۔ اسی طرح عزیز بھٹی ٹاؤن میں 3 عمارتیں مسمار اور 7 عمارتوں کو سربمہر کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران شالیمار لنک روڈ اور باغبانی پورہ میں بھی غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کیا گیا۔
محمد علی اعجاز نے شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات فوری روکنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی، ماسٹر پلان اور شہری حدود کے قوانین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
