(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی مناواں مویشی منڈی سج گئی جہاں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
رواں سال گزشتہ برس کی نسبت جانوروں کی آمد کم ہونے کے باعث قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، بیوپاریوں کے مطابق اس سال منڈی کے مزید تیز ہونے کا امکان ہے کیونکہ جانور کم جبکہ طلب زیادہ ہے، کم سپلائی کے باعث آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔
مویشی منڈی میں بڑے اور چھوٹے جانوروں کے ریٹس میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، نارمل ویہڑے اور بیل کی قیمت 4 سے 5 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ گزشتہ سال یہی جانور تقریباً 3 لاکھ روپے میں فروخت ہو رہے تھے، اسی طرح بڑے سائز کے قیمتی جانوروں کی قیمت 25 سے 30 لاکھ روپے تک جا پہنچی ہے، جو گزشتہ سال 15 سے 20 لاکھ روپے میں دستیاب تھے۔
دوسری جانب بکرے اور چھترے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، رواں سال نارمل بکرا 2 لاکھ روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ گزشتہ برس یہی بکرا ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے میں دستیاب تھا۔
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کی کم آمد کے باعث خریداروں کو قربانی کیلئے اس بار زیادہ بجٹ مختص کرنا پڑے گا، دوسری جانب شہریوں نے قربانی کے جانوروں کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مویشی منڈیوں میں سہولیات اور قیمتوں پر نظر رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
