شہرکی خبریں
پنجاب حکومت کا انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے بڑا اقدام، قائمہ کمیٹی برائے قانون سازی سے ترمیمی بل منظور
14 May 2026
14 May 2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کا انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے بڑا اقدام، پنجاب سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کو خودمختار ادارہ بنا دیا گیا۔
قائمہ کمیٹی برائے قانون سازی و نجکاری نے ترمیمی بل منظور کر لیا۔ ادارے کو مستقل جانشینی، مشترکہ مہر اور قانونی اختیارات دینے کی منظوری دے دی گئی، ادارہ اپنے نام سے جائیداد حاصل، منتقل اور مقدمات دائر کر سکے گا۔ محکمہ قانون کے اعتراضات کے بعد ایکٹ 2025 میں ترمیم کی گئی۔
محکمہ داخلہ نے ادارے کو باضابطہ خودمختار حیثیت دینے کی سمری پیش کی تھی ۔ محکمہ خزانہ نے موجودہ بجٹ سے اخراجات پورے کرنے کی شرط پر اصولی منظوری دے دی، حکام کے مطابق اقدام کا مقصد انسدادِ انتہاپسندی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ ادارے کی انتظامی خودمختاری سے بین الادارہ جاتی رابطہ کاری اور پالیسی عملدرآمد بہتر ہونے کی توقع ہے۔
