(ویب ڈیسک) پنجاب میں پرائیویٹ سکولوں نے گرمی کی چھٹیوں میں تعلیمی نقصان کو پورا کرنے کے لیے سمر کیمپ لگانے کی اجازت مانگ لی ہے۔
سکول مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت انہیں گرمی کی چھٹیوں کے دوران ارلی مارننگ سمر کیمپ لگانے کی اجازت دے، تاکہ طلبہ کی پڑھائی کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
ان کے مطابق صبح 7 سے 10 بجے تک سمر کیمپ کا انعقاد کیا جائے، تاکہ گرمی کی شدت سے بھی بچا جا سکے۔
سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالیہ غیر اعلانیہ چھٹیوں کی وجہ سے نصابی سرگرمیوں کا دورانیہ متاثر ہوا ہے، جس سے طلبہ کو سمر کیمپ سے لرننگ لاس کم کرنے میں خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ سمر کیمپ کے ذریعے اس تعلیمی نقصان کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق ہر سال ایک ماہ کے لیے سمر کیمپ لگانے کی اجازت دی جاتی رہی ہے، تاہم اس سال حتمی اجازت وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد دی جائے گی۔
