(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف کے علاقوں میں پولیس پٹرولنگ بڑھائی جائے جبکہ اہم شاہراہوں پر بھی اضافی نفری تعینات کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام، شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں تمام ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے مزید ہدایت کی کہ نماز جمعہ کے بعد پولیس افسران مساجد میں موجود رہ کر شہریوں کے مسائل سنیں اور ان کے فوری حل کیلئے اقدامات کریں، سینئر افسران مساجد کے ذریعے عوام تک رسائی حاصل کریں اور ان کے مسائل گھر کی دہلیز پر حل کرنے کو یقینی بنائیں۔
