شدید گرمی: بجلی کی طلب میں اضافہ،لیسکوکا 682 میگاواٹ شارٹ فال،غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث سسٹم پر لوڈ بھی بڑھ گیا۔ شدید گرمی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ ٹرانسفارمر جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث بھی متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 2 سے 3 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 4 گھنٹے تک بجلی کی بندش ریکارڈ کی گئی۔ شام 5 بجے سے رات 12 بجے تک بجلی کی اوسط طلب 3787 میگاواٹ جبکہ فراہمی 3053 میگاواٹ رہی، اس دوران شارٹ فال 682 میگاواٹ ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی حکام کے مطابق انڈیپنڈنٹ انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رہی، جبکہ کمرشل اور انڈسٹریل ڈومینیٹڈ فیڈرز پر 2، 2 گھنٹے لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔ لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں ایک گھنٹہ 30 منٹ لوڈشیڈنگ کی گئی۔
اسی طرح رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک بجلی کی طلب 3510 میگاواٹ جبکہ فراہمی 2824 میگاواٹ رہی، جس کے باعث شارٹ فال کم ہو کر 607 میگاواٹ رہا۔ اس دوران انڈیپنڈنٹ انڈسٹری، کمرشل اور انڈسٹریل فیڈرز پر لوڈ مینجمنٹ نہیں کی گئی۔
لیسکو ترجمان کے مطابق جیسے ہی بجلی کی سپلائی میں بہتری آئے گی، لوڈ مینجمنٹ کا دورانیہ مزید کم کر دیا جائے گا۔
