شہرکی خبریں
نادرا کی شہریوں کیلئے بڑی سہولت، 173 ای سہولت سینٹرز کو محدود اختیارات تفویض
22 Apr 2026
22 Apr 2026
(ویب ڈیسک) نادرا نے شناختی دستاویزات کے حصول کو مزید آسان بنانے کیلئے لاہور میں 173 ای سہولت فرنچائزز کو محدود اختیارات دے دیئے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے ای سہولت سینٹرز، جو گلی محلوں میں دکانوں کی صورت میں قائم ہیں، کو نئی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
اب 10 سال سے کم عمر بچوں کا ب فارم ای سہولت فرنچائز سے بنایا جا سکے گا، جبکہ شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ کا متبادل بھی انہی سینٹرز سے حاصل کیا جا سکے گا۔
مزید برآں، فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ کی منسوخی کی سہولت بھی ای سہولت فرنچائزز پر دستیاب ہو گی۔
نادرا حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ان کے قریب ہی سہولیات فراہم کرنا اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا ہے۔
