23 Apr 2026
(لاہور نیوز) چوہنگ ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ٹیلی کمیونیکیشن اور ایس پی یو کی 159 خواتین اہلکاروں نے کامیابی سے تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آؤٹ کیا، کمانڈنٹ سہیل چوہدری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے خواتین اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور عزم کو سراہا۔
تقریب کے دوران تربیت میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواتین کو انعامات سے بھی نوازا گیا، مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین اہلکاروں کا پولیس فورس میں شامل ہونا نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ یہ معاشرے میں خواتین کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
پاس آؤٹ ہونے والی خواتین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ادا کریں گی۔
