(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور مارکیٹ استحکام کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر مجموعی طور پر 5,739 مارکیٹ انسپیکشنز کی گئیں، جن کے دوران 53 خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق گراں فروشی میں ملوث 26 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ 19 دکانیں سیل کر کے مجموعی طور پر 567,500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ہدایت کی ہے کہ مصنوعی مہنگائی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور مقررہ نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ مصنوعی مہنگائی کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
