(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ وفات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ان کی فکری، علمی اور سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال آج ہمارے درمیان موجود نہیں، تاہم ان کا تدبر، فکر اور فلسفہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے نہ صرف مسلمانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے آگاہ کیا بلکہ خودی کا لازوال درس بھی دیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال علمی و فکری بصیرت میں اپنی مثال آپ تھے اور ان کی شاعری کے بنیادی ماخذ قرآن و سنت ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اقبال نے دہائیوں قبل امتِ مسلمہ کے اتحاد کا تصور پیش کیا، جس کی آج بھی اشد ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس امر پر زور دیا کہ علامہ اقبال کے کلام میں پوشیدہ فکر کو اجاگر کرنے اور اس پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے مسئلہ فلسطین کے حل کی اہمیت اور یہودیوں کی سفاکیت کی بروقت نشاندہی بھی کی تھی۔
