(لاہور نیوز) پنجاب میں تعلیمی انقلاب کیلئے بڑے اقدامات، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک لاکھ طلبہ کیلئے مفت گوگل کورسز، 62,949 طلبہ کو ہونہار سکالرشپ، کالجز میں آئی ٹی لیبز کے قیام اور الیکٹروبس کی منظوری دے دی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں سکول اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں صوبے بھر میں تعلیمی بہتری کیلئے بڑے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ Google کے تعاون سے پنجاب کے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کو مفت گوگل سرٹیفکیشن کورسز کرائے جائیں گے۔ ان کورسز کی فیس 400 سے 1000 ڈالر تک ہے جو اب طلبہ سے نہیں لی جائے گی۔ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو سائبر سکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بزنس انٹیلی جنس سمیت دیگر تین سے چھ ماہ کے کورسز کروائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کالجز ایجوکیشن کی سٹینڈرڈ رائزیشن کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کے 166 سرکاری کالجز میں جدید ترین آئی ٹی لیبز بنانے کی منظوری بھی دی۔ مزید برآں، پہلی مرتبہ کالجز کے پرنسپلز، اساتذہ اور اداروں کیلئے “کے پی آئیز” مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی کارکردگی بھی انہی پیمانوں کے تحت جانچی جائے گی۔
اجلاس میں پنجاب کے تمام کامرس کالجز کو یونیورسٹیوں سے منسلک کرنے کی منظوری دی گئی۔ پہلے مرحلے میں 29 اضلاع کے 36 کامرس کالجز کو 19 سرکاری یونیورسٹیوں کے ساتھ الحاق کیا جائے گا، جبکہ ہر کالج کو اپنے ضلع کی سرکاری یونیورسٹی سے منسلک کیا جائے گا۔ ان اداروں میں بزنس، اکاؤنٹنگ، فنانس، بینکنگ، آئی ٹی اور ای کامرس سمیت بی ایس کے 14 ڈسپلنز پڑھائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت تمام اہل طلبہ کو وظائف دینے کا حکم دیتے ہوئے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی وقت میں 62,949 طلبہ کو سکالرشپ دینے کی منظوری دی۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ابتدائی طور پر 30 ہزار طلبہ کیلئے سمری پیش کی گئی تھی۔
262 سرکاری کالجز کے 5282 طلبہ کیلئے فیز ون میں 23 کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ فیز ٹو میں 200 کالجز کے 4310 طلبہ کیلئے 19 کروڑ 40 لاکھ روپے کے سکالرشپس رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 365 گریجوایٹ طلبہ کو 25 ہزار روپے کے سکالرشپس بھی دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کالج طلبہ کیلئے الیکٹروبس سروس کی منظوری بھی دی، جبکہ سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ پروگرام کے تحت فیز ون میں 38 ہزار سے زائد طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔ فیز ٹو میں بصارت سے محروم اور دیگر سپیشل طلبہ کو بھی شامل کیا جائے گا، جبکہ اس مرحلے کیلئے 142,000 طلبہ نے درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے منیارٹی طلبہ کو بھی اوپن میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت جاری کی۔
اجلاس میں سکولوں کی بہتری کیلئے بھی اہم فیصلے کیے گئے اور سرگودھا سمیت دیگر اضلاع میں تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔
علاوہ ازیں، پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے تحت گریڈ 8 کے اسسمنٹ امتحانات میں 9 لاکھ 94 ہزار طلبہ نے شرکت کی، جن میں طالبات کی کامیابی کا تناسب 92 فیصد جبکہ طلباء کا 84 فیصد رہا۔ وزیراعلیٰ نے پہلی تین پوزیشنیں طالبات کے حاصل کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ اقدامات پنجاب میں تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور طلبہ کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
