(لاہورنیوز)پاکستان سپر لیگ سیزن الیون کے 25 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دیدی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 151 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔سمیر منہاس اور ڈیون کونوے نے پہلی وکٹ پر 93 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر میچ کو یکطرفہ بنادیا جہاں منہاس 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کریز پر موجود کونوے نے 53 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کی لیکر عبور کروائی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز کے حسن علی اور معین علی ایک ایک وکٹ لے سکے۔
قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیتا اور اور کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بناتے ہوئے اسلام آباد یونائٹیڈ کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا۔
کراچی کنگز کے رضا ہنڈریکس 51 جبکہ جیسن رائے 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان اور ریچرڈ گلیسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
اس سے قبل ہونیوالے پاکستان سپر لیگ 11 کے 24ویں میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، راولپنڈیز 6 میچز کھیلنے کے باوجود تاحال فتح سے محروم ہے۔
