(لاہور نیوز) شہر کے علاقے لوئر مال میں پیش آنے والے مختلف افسوسناک واقعات میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق پہلا واقعہ ابراہیم روڈ پر پیش آیا جہاں 35 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا، اہل خانہ کے مطابق متوفی مرگی کے مرض میں مبتلا تھا اور رات گئے اپنے سسرال گیا جہاں واش روم میں اسے دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
ضروری قانونی کارروائی اور بیانات قلم بند کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی، متوفی کا تعلق سبزہ زار سے تھا، جس کی میت کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے آبائی گھر منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب لوئر مال کے علاقے میاں منشی قبرستان کے قریب سے دو نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں افراد بظاہر نشے کے عادی معلوم ہوتے ہیں، تاہم حتمی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد دونوں لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا، حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی اموات کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی۔
