
(ویب ڈیسک) پنجاب پولیس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 248 کومبنگ آپریشنز کئے گئے، ان آپریشنز کے دوران 7 ہزار 392 مشتبہ افراد کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 18 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔
مزید برآں 27 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کے دوران 2261 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے کارروائیوں کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 71 اشتہاری مجرمان، 12 عدالتی مفرور اور 2 عادی جرائم پیشہ افراد کو بھی گرفتار کیا، جرائم پیشہ افراد سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران ایک مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا جبکہ سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔