
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے اقدامات کے باعث پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مختصر مدت میں 11لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کی انرولمنٹ کا منفرد ریکارڈ قائم ہوگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو سکول ایجوکیشن کے موجودہ اور مجوزہ پراجیکٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 11ہزار سے زائد سکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں بچوں کی انرولمنٹ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے وزیر تعلیم کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت 11لاکھ بچوں کی انرولمنٹ پر شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے سکول مینجمنٹ کونسل کو 10ارب روپے سے 90 دن کے اندر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایک سال کے اندر تمام سکولوں میں درکار کلاس روم بنانے اور سکولوں کی 580 بوسیدہ ترین اور 2770 خستہ عمارتوں کی تعمیر ومرمت کا حکم دیا۔ سرکاری سکولوں کے پانچ لاکھ بچوں کی انگلش ٹرینرز سے سپوکن انگلش کی ٹریننگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سکول میل پروگرام کا دائرہ کار غذائی قلت کے شکار بچوں کے تناسب سے دیگر اضلاع اور تحصیلوں تک وسیع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہر ضلع میں گرلز اور بوائز کے لئے نوازشریف سکول آف ایمیننس بنانے کی ہدایت کی جبکہ پانچ سال میں 1750 سکولوں کی اپ گریڈیشن کا ہدف مقرر کیا ہے،اگلے مالی سال میں 250سکولوں کی اپ گریڈیشن ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کی 10تحصیلوں میں 300 ٹیک- ایڈ سکول بنیں گے۔ آؤٹ سورس ہونے والے سکولوں میں 195 کلاس روم، 397 کمروں کی چھتوں کی تعمیر و مرمت کی گئی۔ آؤٹ سورس ہونے والے سکولوں میں 254538 مربع فٹ چاردیواری تعمیر کی گئی۔ آؤٹ سورس سکولوں میں 414 ٹوائلٹ اور 1543 واٹر ٹینک کی تعمیر کی گئی۔
نوازشریف سکول آف ایمیننس میں آئی ٹی، سائنس لیب، لائبریری، ملٹی پرپز پلے گراؤنڈ، سمارٹ بورڈ اور دیگر جدید سہولتیں میسر ہوں گی، 9ڈویژن میں نوازشریف سنٹرآف ایکسی لینس ارلی چائلڈ ایجوکیشن سنٹر کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، 4327 سکولوں میں باؤنڈری وال، 4066 ٹوائلٹ،8488 فرنیچر اور 100 واٹر فلٹریشن پلانٹ کا پراجیکٹ پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے لئے بہت سا کام کرنا چاہتی ہوں، ہر سکول میں ٹوائلٹ سمیت دیگر سہولتیں ناگزیر ہیں، سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔