
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے یوم یکجہتی کشمیر پر سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی، حق خودارادیت اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، یوم یکجہتی کشمیر پر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، شرپسند ملک دشمن عناصرپر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا لاہور سمیت صوبہ بھر میں 11 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر تعینات ہیں، یوم یکجہتی کشمیر پر 346 ریلیز، 84 سیمینار اور 23 دیگر تقریبات منعقد کی گئی ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر پر سکیورٹی کے حوالے سے 175 گزیٹڈ افسران، 240 انسپکٹرز، 600 سب انسپکٹرز، 948 اے ایس آئیز ڈیوٹی دے رہے ہیں،702 ہیڈ کانسٹیبلز، 8 ہزار کانسٹیبلز، 300 خواتین اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں،، صوبہ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر پر 448 پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات کی سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔