
(لاہور نیوز)پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے عشائیہ میں شرکت کے موقع پر مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔
سربراہ جے یو آئی (ف) وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں اسد قیصر کی دعوت پر عشایئے میں شریک ہوئے، عشائیہ میں سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن دھاندلی شدہ تھا، یہ عوامی نہیں اسٹیبلشمنٹ نے مرضی کی حکومت بنائی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے لوگوں کو فوری طور پر مستعفی ہو کر ازسر نو انتخابات کا اعلان کر دینا چاہیے جبکہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہا، الیکشن کمیشن کی مدت مکمل ہو چکی ہے، ہم ایک بار پھر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ دہراتے ہیں۔
دوسری جانب رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کا ملکی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی مقصد ہے کہ ملک میں آئین وقانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔