
(لاہور نیوز) کشمیری عوام کی بھارتی تسلط و ظلم کیخلاف لازوال جدوجہد آزادی اور قربانیوں کا اعتراف، ملک بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، پورے ملک اور آزاد کشمیر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور خصوصی تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی۔
کوہالہ پل کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا، شہر شہر جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینار اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی جس مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اسمبلی میں کشمیریوں کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا۔