(ویب ڈیسک) انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں عالمی یوم ہیپاٹائٹس منایا گیا جس کا مقصد ملک میں بڑھتے ہوئے ہیپاٹائٹس کے خطرے کے بارے میں آگاہی پھیلانا تھا۔
ایس آئی یو ٹی کے ماہرین نے منعقدہ تقریب میں تشویشناک اعداد و شمار کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مجموعی کیسز کے حوالے سے پانچویں نمبر پر ہے جہاں 12.6 ملین سے زائد افراد متاثر ہیں،ملک میں ہیپاٹائٹس سی سے متاثرہ افراد کی تعداد 8.8 ملین تک پہنچ چکی ہے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے، اکثر بغیر علامات کے ہوتا ہے اور یہ جگر کو شدید نقصان پہنچانے، کینسر اور حتیٰ کہ موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ غیر محفوظ طبی علاج، انجکشن تھراپی، اسٹرلائزیشن کی کمی اور دوسروں کی ذاتی اشیاء کااستعمال جیسے عوامل اس وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ماہرین نے ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صفائی کی عادات اپنانے، پانی ابال کر پینے، بیت الخلا کے بعد ہاتھ دھونے اور ذاتی اشیاء کا اشتراک نہ کرنے کی تاکید کی جبکہ کلینک میں نئی سرنجیں، حجام کی دکان پر نیا بلیڈ، دانتوں، سرجیکل اور کاسمیٹک علاج کے لیے اسٹرلائزڈ آلات کے استعمال کی اہمیت بھی اجاگر کی ، اسپتالوں کومحفوظ انتقال خون کے پروگرام کے تحت رجسٹرڈ خون کی فراہمی کرنے والے اداروں سے جاری کیے گئے خون کے استعمال کی ہدایت کی گئی۔