(لاہور نیوز) لاہور سمیت صوبہ بھر میں نمونیا کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں نمونیا سے مزید 4 جبکہ لاہور میں ایک بچہ جان کی بازی ہار گیا، صوبہ بھر میں نمونیا سے جاں بحق بچوں کی تعداد 360 تک پہنچ گئی ۔
حکام محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیا کے مزید 345 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ لاہور میں ایک روز کے دوران مزید115 کیسز سامنے آئے۔
حکام کے مطابق لاہور میں نمونیا کے مجموعی کیسز کی تعداد 4230 ہو چکی ہے جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر 18320 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
لاہور کے ہسپتالوں میں نمونیا ،چیسٹ انفیکشن اور وائرل انفیکشن کے سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں، چلڈرن ہسپتال میں 50 سے زائد بچے داخل ہیں، جناح ہسپتال، سروسز، جنرل اور گنگا رام ہسپتال میں بھی سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں۔
ادھر عام مارکیٹ میں نمونیا ویکسین اور ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔