(لاہور نیوز) پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر کا مریض دوست اقدام،مریضوں کے بروقت علاج اور شکایات کے ازالے کے لئے موبائل فون نمبر متعارف کروا دیا گیا۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ شہری ایمرجنسی میں ڈیوٹی ڈی ایم ایس سے موبائل 0337-7803307 پر رابطہ کر سکتے ہیں، عوام راؤنڈ دی کلاک 042-99268817پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں شہری ضروری کال کریں،ایس ایم ایس کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا اس سہولت سے مریضوں کے مسائل فوری حل ہوں گے، لاہور جنرل ہسپتال کو ماڈل علاج گاہ بنانے کے لئے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، موبائل فون کالز تینوں شفٹوں کے ڈی ایم ایس خود موصول کرینگے، تاخیر ہونے پر جوابدہی ہوگی، شہریوں کو بلا تعطل علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی ہسپتالوں کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے عوام کی بہتر سے بہتر خدمت کو یقینی بنایا جائے گا، شہریوں کی آگاہی کیلئے ہسپتال کی حدود میں نمایاں طور پر نمبر آویزاں کیے جائیں گے ، نئے سسٹم سے علاج کا معیار بلند، عوامی شکایات کم ہوں گی۔
