(لاہور نیوز) شہر کے جدید شہری منظرنامے کی تشکیل اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے سی بی ڈی پنجاب کے فلیگ شپ منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
اس سلسلے میں سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے سی بی ڈی لیک، سی بی ڈی واک اور سیکنڈ واک کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر سینئر ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ سمیر آفتاب سیال اور سینئر ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے، اس موقع پر سی ای او سی بی ڈی پنجاب کو مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق سی بی ڈی لیک کی ڈھلوان اور بیس پر ماربل کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ماربل کی رگڑائی کا عمل تیزی سے جاری ہے، اسی طرح سی بی ڈی واک کے تمام یونٹس مکمل ہو چکے ہیں اور ان کی بیرونی سطح پر ٹراورٹائن کی تنصیب کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے زیرِ زمین انرجی سینٹر کی سائٹ کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہیں بتایا گیا کہ منصوبے کی کھدائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، سیکنڈ واک کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ 20 یونٹس کے بیسمنٹ، گراؤنڈ اور فرسٹ فلور مکمل ہو چکے ہیں جبکہ سیکنڈ فلور کی شٹرنگ کا کام جاری ہے۔
اس موقع پر سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین کا کہنا تھا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی معیار، بروقت تکمیل اور جدید انفراسٹرکچر کو ترجیح دی جا رہی ہے، ان منصوبوں کو بہترین انجینئرنگ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے لاہور کو جدید کاروباری اور شہری سہولیات میسر آئیں گی اور شہر کے ترقیاتی منظرنامے میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہو گا۔
