لاہور میں سموگ اور دھند کا راج برقرار، ایئر کوالٹی انڈیکس 400 سے تجاوز کر گیا
(لاہور نیوز) شہر میں سموگ اور دھند کے باعث فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 400 سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ فضا میں باریک آلودہ ذرات کی مقدار سب سے زیادہ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور سرفہرست بتایا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں سرگودھا 461 سے زائد اے کیو آئی کے ساتھ پہلے، گوجرانوالہ 441 کے ساتھ دوسرے اور لاہور 402 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے۔ برکی روڈ کا اے کیو آئی 643، علامہ اقبال ٹاؤن 559، جیل روڈ 475، وحدت روڈ 403 جبکہ بیدیاں روڈ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 386 ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 13 جبکہ زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ حالیہ دنوں میں بارش کی توقع نہیں، تاہم سردی کی شدت اور دھند میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
