(ویب ڈیسک) حکومت نے مزید 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے پر غور شروع کر دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں 2026-27 کیلئے گندم درآمد سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گندم کے موجودہ ذخائر، ملکی طلب و رسد اور 2026-27 کیلئے درآمدی ضروریات کا جائزہ لیا گیا، ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے مزید 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بروقت منصوبہ بندی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے پر زور دیا، انہوں نے گندم کی مناسب فراہمی، عوام کو سستی قیمتوں پر گندم کی دستیابی اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے پر زور دیا، کسانوں اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کا عمل پہلے ہی جاری ہے، مزید 5 لاکھ میٹرک ٹن درآمد کرنے پر بھی کمیٹی میں غور کیا گیا۔
