(لاہور نیوز) سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کہیں دکھائی نہیں دے رہا، تمام سبزیاں سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔
سبزی منڈیوں، پوش علاقوں اور گلی محلوں میں قیمتوں کے الگ الگ نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق پیاز کی قیمت 155 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم درجہ اول کا خشک پیاز پرچون بازاروں میں 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ ٹماٹر کا سرکاری نرخ 120 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ درجہ اول ٹماٹر 170 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
لہسن چائنہ کی سرکاری قیمت 440 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں اس کی فروخت 460 روپے تک جاری ہے۔ ادرک تھائی لینڈ کا سرکاری نرخ 360 روپے مقرر ہونے کے باوجود 420 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ لیموں کا سرکاری نرخ 60 روپے ہے جبکہ پرچون مارکیٹ میں 100 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
سبز مرچ کا سرکاری نرخ 130 روپے مقرر ہے لیکن مارکیٹ میں 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ ساگ 45 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 60 روپے فی کلو، نیا آلو 70 روپے کے بجائے 100 روپے اور شملہ مرچ 210 روپے کے سرکاری نرخ کے برعکس 320 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
اسی طرح کھیرا 70 روپے کے بجائے 100 روپے، بند گوبھی 120 روپے کے بجائے 180 روپے اور پھول گوبھی 90 روپے کے سرکاری نرخ کے برعکس 140 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
باریک پھلیاں 130 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 220 روپے، بینگن 70 روپے کے بجائے 140 روپے اور بھنڈی 160 روپے کے سرکاری نرخ کے برعکس 220 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
دیسی گاجر 70 روپے کے بجائے 100 روپے، گھیا کدو 100 روپے کے بجائے 160 روپے، گھیا توری 140 روپے کے بجائے 180 روپے اور میتھی 70 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 140 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
مولی کا سرکاری نرخ 40 روپے مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں 60 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ مٹر کا سرکاری نرخ 190 روپے ہونے کے باوجود پرچون بازاروں میں 240 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، ناجائز منافع خوری کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور عوام کو مقررہ نرخوں پر سبزیوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
