(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 353 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال منشیات فروشی میں ملوث 6 ہزار 623 ملزمان گرفتار جبکہ 6 ہزار 391 مقدمات درج کئے گئے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 ہزار 400 کلو چرس، 800 کلو آئس اور 118 کلو ہیروئن برآمد کی گئی، کارروائیوں کے دوران 500 کلو بھنگ، 66 کلو افیون اور 27 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی قبضے میں لی گئی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جائیں اور منشیات کے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔
