(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہات کی ترقی کے لیے خوشحال دیہات پروگرام کے پہلے مرحلے میں 475 گاؤں کی ترقی کے لیے 23 ارب 85 کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔
پروگرام کے تحت ہر گاؤں میں ترقیاتی کاموں کے لیے پانچ کروڑ روپے فراہم کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔
پروگرام کے تحت پنجاب کے دیہات میں پکی گلیوں کی تعمیر اور سیوریج کے باقاعدہ نظام کو یقینی بنایا جائے گا۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے خوشحال دیہات کمیٹی تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
خوشحال دیہات پروگرام کے تحت ہر گاؤں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل خوشحال دیہات کمیٹی کے ذریعے کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ کمیٹی کی سربراہی متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) کریں گے، جبکہ اس میں پانچ سرکاری اور چار نجی ارکان شامل ہوں گے۔ چیئرمین یونین کونسل اور متعلقہ سب انجینئر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے نومبر تک خوشحال دیہات کمیٹیوں کو گرانٹ کی پہلی قسط جاری کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں مزید دو ہزار دیہات کی ترقی کا منصوبہ بھی طلب کر لیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر گاؤں میں پکی گلیاں اور سیوریج کا منظم نظام فراہم کرنا ان کا عزم ہے۔ شہر ہوں یا دیہات، اب پنجاب میں ہر جگہ یکساں ترقی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں سب کو شامل کیا جائے گا اور سیاسی وابستگی کو ترقیاتی کاموں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ ڈویلپمنٹ پروگرام اور مسائل کا حل پنجاب کے ہر علاقے کا حق ہے۔
