ذیابیطس خاموش دشمن، منظم طرزِ زندگی اپنا کر اس پر قابو پایا جا سکتا ہے:مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ذیابیطس ایک خاموش دشمن ہے، تاہم احتیاط، آگاہی اور منظم طرزِ زندگی اپنا کر اس مرض کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔
مریم نواز شریف نے ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی شرح اس بیماری کے خلاف مزید مؤثر اور مربوط اقدامات کی متقاضی ہے،صحت عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب یہ حق ہر شہری کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچوں کو انسولین کٹس ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں، جبکہ ذیابیطس سمیت دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے لاکھوں میڈیسن باکس بھی گھروں تک فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اچھے شہری ہونے کے ناتے ہر فرد کو اپنی صحت کا محافظ بننا اور مناسب طرزِ زندگی اپنانا چاہیے، متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور بلڈ شوگر کا مسلسل معائنہ ذیابیطس سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کی بنیادی کنجی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ذیابیطس کا تیزی سے پھیلاؤ باعثِ تشویش ہے، تاہم اجتماعی کوششوں، احتیاطی تدابیر اور عوامی آگاہی کے ذریعے اس مرض کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
