پنجاب میں ڈپٹی کمشنر ایک ماہ سے زائد نظر بندی کا حکم نہیں دے سکے گا، نئے ضابطے نافذ
(لاہور نیوز) پنجاب میں ایم پی او (مینٹیننس آف پبلک آرڈر) کے تحت نظر بندیوں سے متعلق محکمہ داخلہ کا اہم گزٹ نوٹیفکیشن منظرِ عام پر آ گیا ہے، جس کے تحت نظر بندی کے اختیارات اور مدت کے حوالے سے نئے ضابطے متعارف کرا دیے گئے ہیں۔
گورنر پنجاب کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایم پی او کے تحت نظر بندیوں سے متعلق 2017 کا پرانا حکم نامہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
نئے ضابطوں کے تحت ڈپٹی کمشنر ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ ایک ماہ کی نظر بندی کا حکم دے سکے گا، جبکہ نظر بندی میں توسیع کے لیے تحریری وجوہات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نظر بندی کی مجموعی مدت تین ماہ سے تجاوز نہیں کر سکے گی۔
تین ماہ سے زائد نظر بندی کے لیے متعلقہ کیس 60 روز مکمل ہونے سے قبل محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوانا لازم قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ پرانے حکم نامے کے تحت پہلے سے جاری نظر بندیاں برقرار رہیں گی، تاہم ان نظر بندیوں کی گزری ہوئی مدت بھی نئے ضابطوں کے تحت مقرر کردہ مدت میں شمار کی جائے گی۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق 60 روز کی مقررہ مدت قریب آنے کے تناظر میں گزشتہ روز بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی دو بہنوں کی نظر بندی واپس لے لی گئی۔ نورین نیازی اور عظمیٰ خان رہا ہو چکی ہیں، جبکہ علیمہ خان تاحال ایم پی او کے تحت نظر بند ہیں۔
