(لاہور نیوز) رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 14.6 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 12.6 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 16 فیصد زیادہ ہے۔
ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق اکتوبر 2026 میں گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں تجارتی خسارے میں 19.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ستمبر 2026 کے مقابلے میں اکتوبر کے دوران خسارہ مزید 10.3 فیصد بڑھ گیا۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2026 میں برآمدات گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 2.2 فیصد بڑھیں، جبکہ درآمدات میں تقریباً 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ اکتوبر کے دوران پاکستان کی برآمدات 2.93 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 6.8 ارب ڈالر رہیں، جس کے نتیجے میں ماہانہ تجارتی خسارہ 3.87 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
دستاویزات کے مطابق ستمبر 2026 کے مقابلے میں اکتوبر 2026 کے دوران برآمدات میں محض 0.2 فیصد اضافہ ہوا، جس کے مقابلے میں درآمدات میں نمایاں اضافے نے تجارتی خسارے کو مزید بڑھا دیا۔
