05 Nov 2026
(لاہور نیوز) سیف سٹی نے 40 سال سے بچھڑی بنگلا دیشی خاتون حلیمہ کے اہلِ خانہ کو تلاش کرلیا۔
ترجمان سیف سٹی نے بتایا کہ بنگلادیش سے تعلق رکھنے والی حلیمہ 2013 میں اسلام آباد میں لاوارث حالت میں ملی تھیں، اردو نہ جاننے کے باعث حلیمہ اپنی شناخت اور اہلِ خانہ کی معلومات دینے سے قاصر تھیں۔
ترجمان کے مطابق حلیمہ کو عارضی پناہ کیلئے ایدھی سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ کئی سال سے مقیم تھیں تاہم سیف سٹی ٹیم نے مقامی انتظامیہ سے رابطے کرکے حلیمہ کے اہلخانہ کی تلاش جاری رکھی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سیف سٹی کی ٹیم نے بنگلا دیش میں حلیمہ کے بیٹے اور بھتیجے کو تلاش کر لیا، حلیمہ کے فراہم کردہ آبائی گاؤں، اہلِ خانہ کے ناموں کی مدد سے خاندان تک رسائی ممکن ہوئی۔
