شنگھائی روڈ پر نئی گرین بیلٹ کی ڈویلپمنٹ شروع، 2 ہزار مقامی درخت لگائے جائیں گے
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کی شنگھائی روڈ پر نئی گرین بیلٹ کی ڈویلپمنٹ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ فیروزپور روڈ لنک سے کماہاں موٹروے تک 3.3 کلومیٹر طویل گرین بیلٹ تیار کی جائے گی، جس کی چوڑائی 12 فٹ ہوگی۔
گرین بیلٹ پر 2 ہزار مقامی درخت لگائے جائیں گے، جن میں سکھ چین، ارجن، ٹرمینلیا، تبوبیا اور کچنار کے درخت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گرین بیلٹ کو خوبصورت بنانے کے لیے گھاس اور مقامی پھول بھی لگائے جائیں گے۔
ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ نئی گرین بیلٹ علاقے کے ماحول کو بہتر بنانے اور سرسبز فضا کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سرسبز لاہور وژن کے تحت شہر بھر میں گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور نئی گرین بیلٹس کی ڈویلپمنٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ایچ اے شہریوں کو صاف ستھرا اور سرسبز ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
ایم ڈی پی ایچ اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گرین بیلٹس اور وہاں لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے اقدامات کو کامیاب بنایا جا سکے۔
