(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے انسدادِ سموگ مہم کے دوران ماحولیاتی قوانین اور سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 65 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر 37 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں اور گاڑیوں کے خلاف 15 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر باربی کیو پوائنٹس اور بھٹہ مالکان کے خلاف 8 مقدمات درج ہوئے۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے دیگر عناصر کے خلاف بھی 14 مقدمات درج کیے گئے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ لاہور پولیس انسدادِ سموگ مہم میں متعلقہ اداروں کے شانہ بشانہ سرگرمِ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کا باعث بننے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی سی پی او لاہور نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ انسدادِ سموگ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنا کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
