(لاہور نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک بھر میں سکولز ہاکی لیگ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، جس کا مقصد تعلیمی اداروں میں ہاکی کو فروغ دینا اور قومی ہاکی ٹیموں کے لیے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے۔
سکولز ہاکی لیگ سے متعلق مشاورتی اجلاس کی صدارت پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے کی، اجلاس میں چاروں صوبوںاور اسلام آباد کے محکمہ ہائے تعلیم اور کھیل کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکولز ہاکی لیگ کے تحصیل، ضلعی اور ڈویژنل مقابلے 15 نومبر سے ملک بھر میں بیک وقت شروع ہوں گے، جبکہ صوبائی مقابلے جنوری اور قومی مقابلے فروری میں منعقد کیے جائیں گے۔
لیگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹاپ تین ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ایک سال تک ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ماہانہ 10 ہزار روپے، دوسری پوزیشن والی ٹیم کے کھلاڑی کو 7 ہزار 500 روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑی کو 5 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
سکولز ہاکی لیگ کی فاتح ٹیم اور منتخب کھلاڑیوں کو بین الاقوامی دوروں کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ مزید برآں، ہر سال 100 لڑکوں اور 100 لڑکیوں کو سمر کیمپس کے لیے منتخب کیا جائے گا، جہاں انہیں ہاکی کوچنگ، فٹنس ٹریننگ اور تعلیمی معاونت فراہم کی جائے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے منصوبے کے تحت لیگ کے انعقاد میں معاونت کرنے والے سکول سربراہان اور سپورٹس ٹیچرز کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خصوصی ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔
سکولز ہاکی لیگ کو ملک میں ہاکی کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے اور مستقبل کے لیے قومی سطح کا ٹیلنٹ تیار کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
