(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہداء کیلئے خراج عقیدت اور عوام کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کا اقدام تاریخ عالم کا سیاہ باب ہے، 27 اکتوبر کے سیاہ باب کی سیاہی بھارتی قیادت کے چہرے پر نمودار ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ اقوام عالم کا مسئلہ بن چکا ہے، پاکستان ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کوئی جدا نہیں کر سکتا، کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی روشن صبح ضرور طلوع ہوگی، پاکستان عالمی دنیا کے سامنے کشمیر کا مقدمہ بھرپور طریقہ سے پیش کرتا رہے گا۔
