(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تمام صوبوں کو مربوط سرمایہ کار دوست نظام کے تحت لانا ہو گا۔
وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں گزشتہ دو برسوں کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت اور وقار سے نوازا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مشترکہ جدوجہد سے پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو نیب کے ذریعے ہراساں کیا گیا، انہیں جیلوں میں ڈالا گیا اور ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا، جس سے سرمایہ کاری کے ماحول کو نقصان پہنچا، لاہور میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے وابستہ افراد کو بھی جیلوں میں ڈالا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے ذہنوں سے خوف ختم کرنا اور ان کا اعتماد بحال کرنا ایک طویل عمل ہے، سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنا اور ان کے اعتماد کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم شہباز شریف ملکی اور عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صرف مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے سے برسوں کے بگڑے ہوئے معاملات دو دن میں درست نہیں ہو سکتے، کسی نظام کو خراب کرنے میں جتنا وقت لگتا ہے، اسے درست کرنے میں اس سے دگنا وقت درکار ہوتا ہے، پورے نظام اور سرمایہ کاری سے متعلق سوچ کو تبدیل کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف گزشتہ دو سے ڈھائی برسوں سے کاروباری ماحول کی بہتری کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہی ہیں، پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سہولتوں کی فراہمی کیلئے مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وفاق اور تمام صوبوں کی کاروباری اصلاحات کو یکجا کیا جائے۔ وزیراعظم کے ویژن اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات میں مکمل ہم آہنگی پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ تمام صوبوں کو ایک مربوط سرمایہ کار دوست نظام کے تحت لایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ون ونڈو آپریشن اور کاروبار کرنے میں آسانی (ایز آف ڈوئنگ بزنس) کے نظام کو مؤثر بنانا ہو گا، حکومت کاروباری افراد کو ملک بھر میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار اور یکساں ماحول فراہم کرنا چاہتی ہے، جس سے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2018 تک مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالہ دور حکومت میں نواز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے، اس دور میں 14 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار کیلئے کئے گئے اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے اور توانائی بحران پر قابو پانے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں سرمایہ کار دوست ماحول کی بحالی کا سفر جاری ہے، حکومت کا مقصد کاروباری سہولتوں میں بہتری، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
