(لاہور نیوز) مقبوضہ و آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیری عوام اپنی سرزمین پر حق خودارادیت چاہتے ہیں۔
27اکتوبر 1947کو بھارت نے سری نگر میں اپنی فوجیں اتار کر کشمیر پر فوجی قبضے کا آغاز کیا تھا، بھارت کے اس اقدام کیخلاف کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ مناتے ہیں۔
آج یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم کشمیری برادری بھی ریلیاں اور احتجاجی سرگرمیاں منعقد کرے گی۔
ان سرگرمیوں کا مقصد عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کرنا ہے۔
مظفرآباد میں یوم سیاہ کی مناسبت سے شاہراہ سری نگر پر کنٹرول لائن کی جانب مارچ کیا جائیگا، شرکا ضلع جہلم ویلی کے علاقے ہٹیاں بالا میں بھارت کے خلاف احتجاج کریں گے۔
